خیبرپختونخوا حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی؟ گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا بیان

نوشہرہ: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بجٹ کی تیاری کے معاملے پر پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی جبکہ بجٹ کی حمایت کے بدلے مراعات لینے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا، نہ ہی ان سے اور نہ ہی پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت سے اس معاملے پر مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی حمایت کے بدلے کسی قسم کی مراعات لینے کی خبریں غلط ہیں، اگر صوبائی حکومت مستقبل میں رابطہ کرتی ہے تو اس حوالے سے فیصلہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبے کے تمام اضلاع میں ورکرز کنونشنز کا انعقاد کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام عوام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم جبکہ پیپلز پارٹی کا کارکن خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کو روزگار، رہائش اور مستقل امن فراہم نہیں کرسکی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے اور تبادلوں و تعیناتیوں کے معاملات بھی زیر بحث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو صوبائی حکومت سے بدامنی، بے روزگاری اور کرپشن کے مسائل پر بھی سوالات کرنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں : بجٹ میں آئی ڈی پیز اور سیلاب فنڈز کے نام پر 31 ارب کے اخراجات زبانی جمع خرچ ہیں، حقائق پبلک کیے جائیں، نثار باز

گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دو ماہ تک سی این جی کی بندش کا مسئلہ رہا، تاہم حکومت اس کے حل میں ناکام رہی، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ مؤقف کے بعد سی این جی بحالی ممکن ہوئی۔

انہوں نے پنجاب سے گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی رہی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل پورا ملک استعمال کر رہا ہے لیکن صوبائی حکومت اپنے حقوق کے حصول کیلئے مؤثر آواز نہیں اٹھا رہی۔ ان کے مطابق کمزور قیادت کے باعث صوبہ مختلف مسائل کا شکار ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر ادارے امن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا پولیس کو دیگر صوبوں کے برابر تنخواہیں دی جانی چاہئیں۔

Scroll to Top