خیبرپختونخوا کی معیشت میں بہتری، جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ

پشاور: محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے بجٹ سٹریٹیجی پیپر جاری کردیا ہے، جس میں صوبے کی معاشی صورتحال، ترقیاتی اہداف، اخراجات اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

سٹریٹیجی پیپر کے مطابق خیبرپختونخوا کی مجموعی پیداوار (GPP) 11 ہزار 885 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ فی کس آمدنی 2 لاکھ 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ دستاویز میں مالی سرپلس کا ہدف 157 ارب روپے حاصل ہونے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے کی معاشی ترقی میں مختلف شعبوں کا اہم کردار رہا، جس میں زرعی شعبے کا حصہ 30 فیصد، لیبر سیکٹر کی شراکت 32 فیصد جبکہ خدماتی شعبے میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح تعلیم کے شعبے میں شرح نمو 14 فیصد اور محنت کے شعبے میں 19 فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔

سٹریٹیجی پیپر میں سماجی شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق صوبے میں شرح خواندگی 56.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ صحت کارڈ پر 41 ارب روپے خرچ کیے گئے اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

امن و امان کے شعبے میں پولیس کے لیے 164 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد جبکہ مجموعی امن و امان کے لیے 191 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 524 ارب روپے، جاری اخراجات کے لیے 1645 ارب روپے اور ضم قبائلی اضلاع کے لیے 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی خسارہ 48 ارب روپے بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کا بجٹ پیش ،تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، کم از کم اجرت 45 ہزار مقرر

سرکاری ملازمین کے حوالے سے بھی اہم تجاویز شامل ہیں، جن کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں 7، 7 فیصد اضافے جبکہ کم سے کم ماہانہ اجرت 45 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں میں پشاور بحالی پروگرام کے لیے 36 ارب روپے، بی آر ٹی کے لیے 7.5 ارب روپے، خوشحال ہزار پروگرام کے لیے 4 ارب روپے، احساس مستحق پروگرام کے لیے 15 ارب روپے، صحت کارڈ کے لیے 50 ارب روپے جبکہ ایم ٹی آئی اسپتالوں کے لیے 80 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دیگر شعبوں میں زراعت کے لیے 29 ارب روپے، توانائی کے لیے 42 ارب روپے، بلدیات کے لیے 90 ارب روپے، داخلہ امور کے لیے 29 ارب روپے، ٹرانسپورٹ کے لیے 14 ارب روپے اور زکوٰۃ کے لیے 28 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top