این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری ،موسم پھر کروٹ بدلنے کو تیار، ملک کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے شہریوں اور متعلقہ حکام کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ادھر گلگت بلتستان کے اضلاع اسکردو، دیامیر، استور، غذر، ہنزہ، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں بالا، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حکام نے سیاحوں اور مقامی آبادی کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جس سے مقامی آبادی اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، نکاسی آب کے نظام کو فعال بنایا جائے اور ریسکیو ادارے ہر وقت الرٹ رہیں۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔





