بالاکوٹ، کیوائی کے قریب سیاحوں کی وین الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
مانسہرہ کے سیاحتی علاقے کیوائی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں سیاحوں کی وین الٹنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں کو لے جانے والی وین ناران کی جانب جا رہی تھی کہ کیوائی کے مقام پر ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں تین سیاح موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق وین میں سوار افراد کا تعلق ننکانہ صاحب کی ایک سکھ فیملی سے بتایا جا رہا ہے، جو تفریحی دورے کے لیے ناران جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے سیاحوں سے پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔





