ورلڈ کپ 2026:اسٹار فٹبالر رونالڈو نے تاریخ رقم کر دی

پرتگال کے مایہ ناز اور اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ازبکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا بلکہ فٹبال کی تاریخ کے کئی بڑے ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے۔

ازبکستان کے خلاف میچ کے آغاز سے ہی رونالڈو چھائے رہے اور چھٹے ہی منٹ میں پہلا گول داغ کر دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے جنہوں نے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول اسکور کیے ہیں۔

41 سالہ رونالڈو نے سال 2006 سے لے کر 2026 تک کے تمام 6 ورلڈ کپ ایونٹس میں پرتگال کی نمائندگی کی ہے اور ان تمام ایونٹس میں کم از کم ایک گول ضرور اسکور کیا ہے، جو کہ ایک بے مثال اعزاز ہے۔

میچ کے 39ویں منٹ میں اسٹار فٹبالر نے اپنا دوسرا گول داغ کر ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔ اس گول کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 10 ہو گئی ہے جس کے بعد انہوں نے پرتگال کے عظیم فٹبالر یوسیبیو کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو 9 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی نے تاریخ رقم کردی

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے پاس پہلے ہی ورلڈ کپ مقابلوں میں پرتگال کی جانب سے گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی کا اعزاز موجود تھا اور اب ازبکستان کے خلاف اس میچ کے بعد وہ پرتگال کے لیے ورلڈ کپ میں گول کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

Scroll to Top