دبئی جانے کے خواہشمند مسافروں کیلئے سنہری موقع

دبئی: موسمِ گرما کی تعطیلات میں دبئی کا سفر کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری سامنے آگئی ہے، جہاں ایمریٹس ایئرلائن نے اہل مسافروں کیلئے مفت ہوٹل قیام کی خصوصی پیشکش کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئرلائن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مخصوص شرائط پوری کرنے والے مسافر ریٹرن ٹکٹ بک کروانے پر دبئی کے معروف ہوٹل میں مفت قیام کی سہولت حاصل کر سکیں گے، جس کا مقصد سیاحوں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنا اور دبئی میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

ایمریٹس کی خصوصی مہم کے تحت 22 جون سے 12 جولائی تک فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس میں ریٹرن ٹکٹ بک کروانے والے مسافروں کو دبئی کے مشہور ہوٹل جے ڈبلیو میریٹ مارکیس میں دو راتوں کے مفت قیام کی سہولت دی جائے گی۔

اسی طرح پریمیئم اکانومی اور اکانومی کلاس کے اہل مسافروں کو ایک رات کے مفت ہوٹل قیام کی پیشکش کی گئی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق یہ آفر صرف ان مسافروں کیلئے دستیاب ہوگی جن کی منزل دبئی ہو یا جن کا دبئی میں 24 گھنٹے سے زیادہ کا اسٹاپ اوور شامل ہو۔ اس کے علاوہ سفر کی تاریخ 25 جون سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان ہونا لازمی ہے۔

جے ڈبلیو میریٹ مارکیس دبئی کے معروف ہوٹلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں مہمانوں کو جدید رہائشی سہولیات، متعدد ریسٹورنٹس، اسپا، فٹنس سینٹر اور آؤٹ ڈور پول سمیت مختلف سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لمبی قطاروں سے نجات، حکومت نے نئی ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی

ایمریٹس ایئرلائن کے نائب صدر اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم کا کہنا ہے کہ دبئی موسمِ گرما کی تعطیلات گزارنے کیلئے دنیا کے بہترین مقامات میں شامل ہے، جہاں سیاح تفریح، خریداری، کھانوں اور خاندانی سرگرمیوں سے بھرپور لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفت ہوٹل قیام کی یہ پیشکش مسافروں کو دبئی کو مزید قریب سے جاننے اور شہر کے مختلف تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔

حکام کے مطابق مسافر متعلقہ مقامات پر اپنا شناختی کارڈ اور فزیکل یا ڈیجیٹل بورڈنگ پاس دکھا کر اس خصوصی پیشکش سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اس آفر سے دبئی جانے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ ملے گا۔

Scroll to Top