سوات پولیس کی بڑی کارروائی: لڑکی سے زیادتی اور قتل میں ملوث بین الاضلاعی گینگ گرفتار

شہزاد نوید
سوات : سوات پولیس نے تھانہ رحیم آباد کی حدود میں ایک نوجوان لڑکی سے مبینہ زیادتی اور بعد ازاں زہریلی دوا دے کر قتل کرنے کے واقعے میں ملوث دو بین الضلاعی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ رحیم آباد کو ایک جوان العمر لڑکی کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد مقتولہ کے بھائی شہریار ولد عمر فاروق، سکنہ عثمان آباد ایبٹ آباد کی مدعیت میں پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان اسفندیار ولد محمد طارق اور محمد مزمل ولد سید احمد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

ان کی ہدایت پر ایس ڈی پی او سٹی سرکل بخت زادہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خصوصی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں : سوات : مٹہ میں رکشہ اور کار میں تصادم، خاتون جاں بحق، 14 افراد زخمی

پولیس ترجمان کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مقتولہ کو بائی پاس کے قریب واقع ایک ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے زہریلی دوا پلائی۔

متاثرہ لڑکی کی حالت غیر ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top