خیبرپختونخوا میں افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) منسوخ کرانے کے لیے 26 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں جن میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو خود کو پاکستانی شہری قرار دیتے ہوئے افغان سٹیزن کارڈ ختم کرانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ماضی میں مختلف وجوہات کی بنا پر متعدد پاکستانی شہریوں نے بھی افغان سٹیزن کارڈ حاصل کیے تھے، بعض افراد نے مالی اور انتظامی فوائد کے حصول کے لیے یہ کارڈ بنوائے جبکہ کچھ نے بیرون ملک سفر اور امیگریشن کے مقاصد کے لیے افغان شناخت استعمال کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں میں تبدیلی اور شناختی دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کے بعد بڑی تعداد میں افراد اپنے افغان سٹیزن کارڈ منسوخ کرانے کے لیے سامنے آ رہے ہیں۔
موصول ہونے والی 26 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے 17 ہزار 884 درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں کیونکہ درخواست گزار خود کو پاکستانی شہری ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
دوسری جانب جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد دو ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو کلیئر قرار دیتے ہوئے متعلقہ سرٹیفکیٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انگور اڈا بارڈر پر انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال، پاکستان سیکیورٹی فورسز نے افغان خاتون کو تحفظ فراہم کر دیا
ذرائع کے مطابق چھ ہزار سے زائد درخواستوں کی تصدیق اور جانچ پڑتال کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ ان کیسز کا حتمی فیصلہ دستاویزی شواہد اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔





