واشنگٹن: امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سہ فریقی فریم ورک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
معاہدہ امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد طے پایا، جس پر تینوں فریقوں نے دستخط کر دیے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کے پانچویں دور کے اختتام پر معاہدے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فریم ورک معاہدے پر امریکا، اسرائیل اور لبنان نے دستخط کیے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ لبنان کی خودمختار حکومت اور اسرائیل کی حکومت کے درمیان امریکی ثالثی اور حمایت سے طے پانے والا یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج کا ایران پر حملہ، تجارتی جہاز پر حملے کا جواب دیا گیا، سینٹ کام
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ دیرپا نتائج کے حصول کے لیے ابھی مزید پیش رفت اور کام درکار ہے۔
دوسری جانب امریکا میں اسرائیل کے سفیر نے بھی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا، جبکہ اس کی پیش رفت پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقبل میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔





