محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس پر 10 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا

لاہور: محکمہ ایکسائز پنجاب نے موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کرنے والے گاڑی مالکان کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا۔ حکام کے مطابق 31 اگست 2026 تک ٹوکن ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں کو 10 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔

محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ سے پہلے ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والے شہری رعایت سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ تاخیر سے ادائیگی پر عائد ہونے والے جرمانے سے بھی محفوظ رہیں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں میں بروقت ٹیکس ادائیگی کا رجحان بڑھانا اور آن لائن ادائیگی کے نظام کو مزید فروغ دینا ہے۔

محکمہ ایکسائز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ای پے پنجاب (ePay Punjab) کے ذریعے گھر بیٹھے محفوظ، شفاف اور آسان انداز میں موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس جمع کرائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ای پے پنجاب حکومتِ پنجاب کی ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی ایک اہم کاوش ہے، جس کے ذریعے عوام کو سرکاری واجبات آن لائن ادا کرنے کی جدید، محفوظ اور مؤثر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ٹرینی ڈاکٹرز کا رہائش نہ ملنے پر احتجاج، وزیراعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

محکمہ کے مطابق ای پے پنجاب کے استعمال سے شہری دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے بچ سکتے ہیں اور چند آسان مراحل میں اپنی ادائیگی مکمل کر سکتے ہیں۔

حکام نے گاڑی مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ 31 اگست 2026 سے قبل اپنا موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس ادا کرکے 10 فیصد رعایت حاصل کریں اور کسی بھی اضافی جرمانے یا قانونی پیچیدگی سے بچیں۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ یہ رعایت صرف مقررہ مدت کے اندر ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی۔

Scroll to Top