پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نےلاپتہ نجی کارگو طیارےکا ملبہ تلاش کر لیا، ریسکیو کارروائیاں جاری

ایک نجی کمپنی کے لاپتہ کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کا سمندر میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے جس کے دوران لاپتہ طیارے کا ملبہ تلاش کر لیا گیا ہے۔

پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے سمندر میں 12 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اس انتہائی کٹھن اور طویل آپریشن کے بعد طیارے کے ملبے کا سراغ لگایا۔

حکام کے مطابق طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے 53 نوٹیکل مائل جنوب میں ملا ہے۔

طیارے کا ملبہ ملنے کے بعد اب جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکٹھے کرنے اور عملے کے لاپتہ ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو کارروائیاں تاحال پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :  کیپٹن اسفندیار بخاری شہید کی زندگی پر مبنی سیریز جلد ہی ٹی وی پرنشر کی جائیگی

اس انتہائی حساس سرچ اور ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے جدید بحری اور فضائی اثاثے حصہ لے رہے ہیں اور سمندری حدود کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top