آخری فسادی اور دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ،وزیراعظم

آخری فسادی اور دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ،وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان سے آخری فسادی اور دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت مل کر بدامنی پھیلانے والوں کو عبرت کا نشان بنائے گی۔

انہوں نے یہ بات نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس اہم اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی شریک ہوئے۔

بیٹھک میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے، جہاں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ چار دنوں کے دوران بڑے سنگین واقعات ہوئے، جن میں پولیس، فوج کے جوان اور معصوم شہری شہید ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان واقعات کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 54 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے، جبکہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان دہشت گرد تنظیموں کو بیرونی عناصر کی جانب سے اسلحہ اور پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے اور بلوچستان میں ہونے والے ان حالیہ واقعات میں ہمارا مشرقی ہمسایہ ملک براہِ راست ملوث ہے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے چلنے والے اس نیٹ ورک کو ہر صورت تباہ کیا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top