امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 نے شائقین کی شرکت کے حوالے سے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
ٹورنامنٹ کے اختتام سے قبل ہی ایونٹ نے گزشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں کی مجموعی حاضری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ فیفا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی 100 میچز میں 65 لاکھ 27 ہزار 410 شائقین مختلف اسٹیڈیمز میں پہنچے۔
یہ تعداد روس 2018 اور قطر 2022 ورلڈ کپ کے مجموعی تماشائیوں سے بھی زیادہ ہے۔ روس 2018 میں 30 لاکھ 31 ہزار 768 جبکہ قطر 2022 میں 34 لاکھ 4 ہزار 252 شائقین نے اسٹیڈیمز میں میچز دیکھے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : گلوبل سپر لیگ: لاہور قلندرز نے اسکواڈ اور ہیڈ کوچ کا اعلان کر دیا
فیفا حکام کے مطابق ٹورنامنٹ میں ابھی دو سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل باقی ہیں، جن میں مزید لاکھوں شائقین کی آمد متوقع ہے۔ اس طرح امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 حاضری کے حوالے سے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میدان میں سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ساتھ شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی کے باعث بھی فیفا کی تاریخ کے نمایاں ترین ٹورنامنٹس میں شامل ہو گیا ہے۔





