شہری پریشان ،پشاور میں گندم کی قیمت بلند ترین سطح پر، آٹے سمیت اشیائے خورونوش مزید مہنگی ہونے لگیں۔
پشاور میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہر ملک بھر میں گندم کی بلند ترین قیمتوں والے شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔ گندم مہنگی ہونے سے آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس سے شہری، خصوصاً متوسط اور کم آمدن طبقہ، بڑھتی مہنگائی کے باعث مزید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور میں 40 کلوگرام گندم کی قیمت ساڑھے 4 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم کے نرخوں میں مسلسل اضافے سے آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مہنگائی کے مجموعی دباؤ میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی گندم کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نئی گندم 4 ہزار 400 سے 4 ہزار 425 روپے فی 40 کلوگرام، واہ کینٹ میں 4 ہزار 450 سے 4 ہزار 470 روپے، جبکہ لاہور میں 4 ہزار 250 سے 4 ہزار 275 روپے فی 40 کلوگرام فروخت کی جا رہی ہے۔
سندھ میں بھی گندم کے نرخ بلند ہیں۔ کراچی میں نئی گندم 11 ہزار 600 سے 11 ہزار 650 روپے فی 100 کلوگرام، حیدرآباد میں 11 ہزار 450 سے 11 ہزار 500 روپے، جبکہ نوری آباد میں 11 ہزار 500 سے 11 ہزار 550 روپے فی 100 کلوگرام تک رپورٹ کی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آٹے سمیت دیگر بنیادی اشیائے خورونوش مزید مہنگی ہو سکتی ہیں، جس سے عام شہریوں کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔





