پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ خیبرپختونخوا کی صوبائی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ شاہد نے مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے شہداء کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن پر تنقید کی جائے، انہیں بھی شہداء کی حرمت کا ہر حال میں خیال رکھنا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں ثوبیہ شاہد نے واضح کیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ہمارے قومی شہداء کی عزت، تکریم اور قربانیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء نے وطن کے دفاع، امن و استحکام اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور پوری قوم ان کی ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے جذبات کا احترام جمہوریت میں انتہائی ضروری ہے اور جو کوئی بھی شہداء کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرتا ہے وہ عوام میں انتشار پھیلانے کا باعث بنتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اہم سیاسی رہنماؤں کا مولانا فضل الرحمان سے شہداء سے متعلق بیان واپس لے کر معافی مانگنے کا مطالبہ
ثوبیہ شاہد کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اختلافِ رائے ہر کسی کا حق ہے مگر سیاست میں ایسی زبان کے استعمال سے اجتناب برتنا بہت ضروری ہے جو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے۔





