خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی تیاریاں مکمل، عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار

شاہد جان

پشاور: خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ (کے سی ایل) کے آغاز کے لیے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کو مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سٹیڈیم کا دورہ کیا اور لانچنگ تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی گورنر کے ہمراہ موجود تھے۔

گورنر نے آج شام چھ بجے منعقد ہونے والی کے سی ایل کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لیگ صرف کرکٹ کو فروغ دینے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی منظوری دے کر صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ بلوچستان کی مفاہمتی کوششیں کامیاب، حکومت اور دھرنا کمیٹی میں معاہدہ طے

گورنر نے صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور سہیل آفریدی کے تعاون اور کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے یہ ایونٹ ممکن بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کے انعقاد سے نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا بلکہ مستقبل میں صوبے میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ایبٹ آباد میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ وہاں بھی عالمی سطح کے میچوں کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور کے شہریوں، بالخصوص ماؤں، بہنوں، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کو دعوت دی کہ وہ آج شام چھ بجے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پہنچ کر خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں۔

انہوں نے بتایا کہ لانچنگ تقریب کے موقع پر میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں شہری تفریح اور کرکٹ کے حسین امتزاج سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

گورنر نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ صوبے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Scroll to Top