شہزاد نوید
سوات: کالام کے علاقے مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں 7 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گلیشیئر پھٹنے کا واقعہ انتہائی دشوار گزار اور دور دراز علاقے میں پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو 1122 سوات کی میڈیکل ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سوات سید شعیب منصور کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کالام سے مزید علاج کے لیے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں حاور حسین عمر 40 سال، حارث عمر 22 سال اور ہارون عمر 27 سال شامل ہیں، جن کا تعلق راولپنڈی سے بتایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نفاذ پر خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان
حکام کے مطابق واقعے میں متاثر ہونے والے دیگر 3 افراد محفوظ ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ سید علی شاہ، سکنہ خوازہ خیلہ کی تلاش کے لیے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ پہاڑی اور انتہائی مشکل علاقے میں پیش آنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مزید معلومات حاصل ہونے پر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔





