فیفاورلڈکپ فائنل،اوسط ٹکٹ کی قیمت30لاکھ سے بھی مہنگی،حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں

فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل میچ امریکی کھیلوں کی تاریخ کا مہنگا ترین ایونٹ بن گیا ہے۔

عالمی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس تاریخی معرکے کے ٹکٹوں کی قیمتیں تمام پرانے ریکارڈ توڑ چکی ہیں۔

مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت بھی 6 ہزار 943 ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری طرف فٹ بال شائقین کی دیوانگی کے باعث ٹکٹوں کی اوسط خریداری قیمت 11 ہزار 327 ڈالرز ریکارڈ کی گئی ہے جو اب تک امریکہ میں ہونے والے کسی بھی بڑے کھیل (بشمول سپر باؤل) سے کہیں زیادہ ہے۔

اسٹیڈیم کے پریمیم سیکشن 115A میں تو قیمتیں حد سے زیادہ بڑھ گئی ہیں جہاں ایک واحد نشست کی قیمت 28 ہزار 479 ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔ اس سے قبل 2024ء کے مشہور سپر باؤل میچ کا اوسط ٹکٹ 9 ہزار 411 ڈالرز کا تھا لیکن موجودہ ورلڈ کپ فائنل نے کھیلوں کی دنیا میں معاشی مقبولیت کے نئے معیارات قائم کر دیے ہیں۔

دوسری جانب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے ساتھ اپنی 2007ء کی وائرل تصویر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تصویر زندگی کے حیران کُن اتفاقات میں سے ایک ہے۔

میسی نے یامال کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کی تیاریاں مکمل، عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار

واضح رہے کہ میسی اور یامال کی مشترکہ تصویر 2024ء میں دوبارہ منظرِ عام پر آئی تھی جب یامال کے والد نے اسے یورپی چیمپئن شپ کے دوران سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

Scroll to Top