ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑا اضافہ

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے فوراً بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں یکمشت بھاری اضافے کے بعد کرائے بڑھانا ان کی مجبوری بن چکا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا جس کے باعث وہ اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے چالان کا سلسلہ بھی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا ہےجس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی یہ نئی قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شفیع جان کا شدید ردعمل

اس کے علاوہ اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت مٹی کا تیل بھی 34 روپے 33 پیسے مہنگا کر دیا گیا ہےجس کے بعد اس کی نئی قیمت 242 روپے 33 پیسے سے بڑھ کر 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

Scroll to Top