شاہد جان
پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپنی معاشی نااہلی کا بوجھ عوام پر منتقل کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر عوامی مینڈیٹ کے قائم فارم 47 کی وفاقی حکومت مہنگائی کے ذریعے غریب عوام کا استحصال کر رہی ہے، جبکہ نام نہاد معاشی ٹیم کی ناکام پالیسیوں نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ان کے مطابق وفاق کے پاس عوام کی جیبوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے سوا کوئی مؤثر معاشی منصوبہ موجود نہیں۔
شفیع جان نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے فی لیٹر اضافے سے کسانوں اور زرعی شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ زرعی لاگت میں اضافے کا براہ راست اثر عام شہریوں پر مہنگائی کی صورت میں پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کے فیصلے مسلسل عوامی مفاد کے خلاف ثابت ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام سے 1600 ارب روپے کی پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی وصول کر چکی ہے، اس کے باوجود عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے مطالبہ کیا کہ اگر وفاقی حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے تو وہ اقتدار چھوڑ دے، کیونکہ عوام کا مزید استحصال قابل قبول نہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت عوامی حقوق کے تحفظ اور مہنگائی کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔





