شہزاد نوید
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ کی زیر صدارت ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران امن و امان، انسداد دہشت گردی، حساس مقامات کی سیکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور پولیس کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آر پی او سید فدا حسن شاہ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں قانون کی عملداری قائم ہے اور کسی بھی شرپسند یا دہشت گرد عنصر کو امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جامع منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کوئی بھی علاقہ نو گو ایریا نہیں ہے اور تمام علاقوں میں پولیس کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ پولیس فورس جدید اسلحہ، ضروری آلات اور پیشہ ورانہ تربیت سے لیس ہے اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
آر پی او نے ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو یقین دلایا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی کے انتہائی مؤثر انتظامات موجود ہیں، لہٰذا سیاح بلا خوف و خطر سوات اور دیگر خوبصورت سیاحتی مقامات کا رخ کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ضم شدہ اضلاع اور ملاکنڈ میں ممکنہ ٹیکس نفاذ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اہم فیصلہ
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔





