اعجاز آفریدی
پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف ندی نالوں اور خوڑوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال معمول کے مطابق ہے، تاہم پشاور کے بورڈ بازار خوڑ میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فلڈ رپورٹ کے مطابق مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ کی صورتحال معمول کے مطابق رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بگئیری نالہ مردان میں 1908 کیوسک، جلالہ پل مردان پر 3915 کیوسک، چوکی رسالپور پر 4817 کیوسک، تختہ بیگ خوڑ میں 317 کیوسک، علی مسجد خوڑ میں 300 کیوسک، دریائے باڑہ میں 870 کیوسک، پیر بالا میں 240 کیوسک، ڈلاس خوڑ میں 817 کیوسک، کپور ڈھیری میں 145 کیوسک، شاہی بالا میں 123 کیوسک جبکہ بدنی نالہ میں 838 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ تمام مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم بورڈ بازار خوڑ میں 2388 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا جہاں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
محکمہ آبپاشی اور متعلقہ ادارے دریاؤں، ندی نالوں اور خوڑوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر پانی کے بہاؤ والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور اور مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش، پانی گھروں میں داخل
دوسری جانب پشاور میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف علاقوں میں متعدد درخت گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ریسکیو 1122 پشاور کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق فنی خرابی کے باعث ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر کالز وصول کرنے میں عارضی دشواری کا سامنا ہے۔ انتظامیہ سروس کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا طبی امداد کی ضرورت کے وقت شہری متبادل نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں:
03341444105
0334 1444105
03089328782
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔





