اعجاز آفریدی
پشاور: پشاور اور مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی تک جاری رہنے والی بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق بارش برسانے والا موسمی سلسلہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور زیریں علاقوں پر اثر انداز ہے۔
آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، چراٹ، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرک، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد کی ہدایات پر تمام اضلاع کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق تمام ریسکیو اسٹیشنز پر اہلکار، ایمبولینسز، واٹر ریسکیو ٹیمیں، ریسکیو گاڑیاں اور ضروری آلات کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تیز بارشیں اور فلش فلڈ، خیبرپختونخوا میں 12 افراد جاں بحق، 14 زخمی
ترجمان ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، سیلابی ریلوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، جبکہ کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں کے قریب جانے سے احتیاط کریں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہری محکمہ موسمیات کی پیش گوئی اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔





