مانسہرہ، ناران جانیوالے سیاح یہ خبر ضرور پڑھ لیں، ضلعی انتظامیہ نے اہم ہدایت جاری کر دی

مانسہرہ، ناران جانیوالے سیاح یہ خبر ضرور پڑھ لیں، ضلعی انتظامیہ نے اہم ہدایت جاری کر دی

ناران میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے سیاحوں کے سفر میں رکاوٹ ڈال دی، جھیل روڈ بند ہونے سے متعدد گاڑیاں اور جیپیں پھنس گئیں۔

مانسہرہ اور گردونواح میں مسلسل تیسرے روز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ناران اور دیگر بالائی علاقوں میں سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو آئندہ 3 سے 4 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ناران میں شدید بارشوں کے بعد فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل روڈ متاثر ہوئی ہے، جبکہ سڑک پر ملبہ آنے سے ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔ سڑک بند ہونے کے باعث متعدد سیاحوں کی گاڑیاں اور جیپیں مختلف مقامات پر پھنس گئیں۔

انتظامیہ کے مطابق جھیل روڈ اور ناران جھیل کھڈ روڈ پر پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کے ڈی اے (KDA) کی بھاری مشینری متاثرہ مقام پر پہنچا دی گئی ہے اور سڑک کی بحالی و ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکیں مکمل طور پر بحال ہونے تک ناران سمیت بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں اور سفر سے قبل موسم اور انتظامیہ کی ہدایات کو ضرور مدنظر رکھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہے، اس لیے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top