وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے نظرثانی شدہ نئے پے اسکیلز 2026 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق نئے بیسک پے اسکیلز 2026ء کی تشکیل کے دوران ملازمین کو سابقہ سالوں میں ملنے والے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے۔ یکم جولائی 2026ء سے ملازمین کی موجودہ تنخواہیں نئے اسکیلز میں پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی جبکہ سالانہ انکریمنٹ بدستور ہر سال یکم دسمبر کو موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026ء کے بعد سے پرانے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور ہوں گے۔ اس کے بدلے تمام وفاقی سول ملازمین، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ حاصل کرنے والے سویلینز، کنٹریکٹ پر تعینات اہلکاروں اور دیگر متعلقہ ملازمین کو بیسک پے اسکیل 2026ء کی رننگ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے تابع ہوگا۔
وزارتِ خزانہ نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ ذیلی محکموں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام ملازمین سے 30 روز کے اندر تحریری اور ناقابلِ انحراف آپشن حاصل کریں۔
ملازمین کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پرانے بیسک پے اسکیل 2022 کے تحت تنخواہ اور الاؤنسز برقرار رکھنا چاہتے ہیں یا نئے پے اسکیل 2026 کو اپنانا چاہتے ہیں۔ مقررہ 30 دنوں میں اپنا تحریری انتخاب جمع نہ کروانے والے ملازمین کو خودکار بنیادوں پر نئے بیسک پے اسکیل 2026 کا انتخاب کرنے والا تصور کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : گریڈ 1 سے 16 تک کےسرکاری ملازمین کےلیے بڑی خوشخبری
آفس میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے پے اسکیلز کے عملی نفاذ کے دوران اگر کسی قسم کی فنی غلطی، تفاوت یا بے ضابطگی سامنے آتی ہے تو اس کے فوری ازالے اور تصحیح کے لیے وزارتِ خزانہ میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے گی جو ملازمین کے تحفظات کا جائزہ لے کر فیصلے کرے گی۔





