پشاور سمیت کئی اضلاع زیر آب، حکومت بارشوں سے نمٹنے میں ناکام رہی، میاں افتخار حسین

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے حالیہ بارشوں کے بعد صوبے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش نے حکومتی کارکردگی اور انتظامی تیاریوں کی حقیقت واضح کر دی ہے۔

اپنے بیان میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت کئی اضلاع میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جبکہ متعدد شہری علاقوں میں بارش کا پانی گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، دیر، وزیرستان اور دیگر اضلاع میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں جانی و مالی نقصان انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کی مدد سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی، اس کی ذیلی تنظیموں اور خدائی خدمتگار آرگنائزیشن کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور رہنمائی کریں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکا نہیں جا سکتا، تاہم بروقت منصوبہ بندی، مؤثر حفاظتی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کے ذریعے نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ہر بار موسمی پیش گوئیوں کے باوجود بروقت اقدامات کرنے میں ناکام رہتی ہے اور نقصانات کے بعد ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون بارشوں سے خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ، نقصانات کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اے این پی کے صوبائی صدر نے مطالبہ کیا کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کرے، متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد یقینی بنائے اور مستقبل میں ممکنہ بارشوں و سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

انہوں نے شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور آبی گزرگاہوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا تاکہ آئندہ ایسے نقصانات سے بچا جا سکے۔

میاں افتخار حسین نے عوام سے اپیل کی کہ مزید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے میں احتیاط برتیں۔

Scroll to Top