نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں مزید 8 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 57 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 148 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 بچے، 18 مرد اور 17 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں جانی نقصانات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 35 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پنجاب میں 10، آزاد کشمیر میں 7 اور بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسی طرح زخمیوں کی تفصیلات کے مطابق پنجاب سے 72، خیبرپختونخوا سے 61، بلوچستان سے 13 اور آزاد کشمیر سے 2 افراد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ میں مزید توسیع، 23 پارلیمانی سیکرٹریز کا نوٹیفکیشن جاری، تعداد 53 ہوگئی
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں اب تک 270 گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ 189 مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ساڑھے 4 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔





