مون سون کی بارشیں، سیاحتی علاقوں میں بڑا الرٹ جاری، ٹورازم پولیس حرکت میں آگئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور ممکنہ فلش فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ٹورازم پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ سیاحوں کی حفاظت، رہنمائی اور ہنگامی امداد کے لیے مختلف سیاحتی مقامات پر اہلکار متحرک ہیں۔

حکام کے مطابق ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے اہم سیاحتی مقامات پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران سیاحوں کو کسی بھی مشکل صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔

معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سیاحوں کو محفوظ، آرام دہ اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مون سون بارشوں کے دوران سیاحوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔

ٹورازم پولیس کے اہلکار ناران، ہزارہ اور مالاکنڈ کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی رہنمائی، ہنگامی امداد، راستوں کی صورتحال سے آگاہی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ٹورازم پولیس کے مطابق ناران سوئچ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسنے والی تمام گاڑیوں کو مرحلہ وار بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

اسی طرح جھیل سیف الملوک روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے ہزاروں سیاحوں اور گاڑیوں کو بھی محفوظ طریقے سے نکال کر اپنی منزلوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مردان میں آوارہ کتوں کی بھرمار، ویکسین کی عدم دستیابی سے شہری پریشان

حکام کا کہنا ہے کہ ڈونگا گلی، ناران اور دیگر متاثرہ سیاحتی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ ٹورازم پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

ٹورازم پولیس نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے احتیاط برتیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر سے قبل راستوں اور موسم کی صورتحال سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں۔

معاون خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال نے کہا کہ سیاح کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے حصول کے لیے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 اور صوبائی حکومت کی ہیلپ لائن 911 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top