خیبر پختونخوا کےسرکاری ملازمین کےنئے پے اسکیلز اور کنوینس الاؤنس

خیبر پختونخوا کےسرکاری ملازمین کےنئے پے اسکیلز اور کنوینس الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

محمد اعجاز آفریدی
 محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے صوبائی سرکاری ملازمین کے لیے نئے بیسک پے اسکیلز 2026 کے نفاذ اور کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

یہ فیصلے صوبائی کابینہ کے 19 جون 2026 کو منعقدہ خصوصی بجٹ اجلاس میں دی گئی منظوری کے تحت کیے گئے ہیں۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق سال 2022 کے 15 فیصد اور سال 2025 کے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کر کے نیا بنیادی پے اسکیل 2026 متعارف کرایا گیا ہے۔

اس ترمیم کے بعد گریڈ 1 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 13,550 سے 26,450 روپے تھا اب بڑھ کر 16,280 سے 31,880 روپے ہو گیا ہے۔ گریڈ 5 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 15,230 سے 37,730 روپے تھااب بڑھ کر 18,300 سے 45,600 روپے ہو گیا ہے۔ گریڈ 11 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 18,650 سے 57,950 روپے تھااب بڑھ کر 22,410 سے 69,810 روپے ہو گیا ہے۔

اس طرح گریڈ 16 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 28,010 سے 95,870 روپے تھااب بڑھ کر 33,720 سے 115,320 روپے ہو گیا ہے۔ گریڈ 17 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 45,070 سے 113,470 روپے تھا، اب بڑھ کر 54,140 سے 136,340 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 22 کا بنیادی پے اسکیل جو پہلے 122,190 سے 244,130 روپے تھا، اب بڑھ کر 146,770 سے 293,350 روپے ہو گیا ہے۔۔

نئے پے اسکیل 2026 کے نفاذ کے ساتھ ہی سال 2022 اور 2025 کے ایڈہاک الاؤنس ختم کر دیے گئے ہیں اور تمام سول ملازمین، بشمول کنٹریکٹ اور کنٹنگنٹ پیڈ اسٹاف کے لیے نئے اسکیل کی جاری بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 منظور کیا گیا ہے۔

ملازمین کی تنخواہیں 30 جون 2026 کی بنیاد پر پوائنٹ ٹو پوائنٹ طرز پر نئے اسکیل میں فکس کی جائیں گی جبکہ سالانہ انکریمنٹ روایت کے مطابق ہر سال یکم دسمبر کو ہی لگے گا۔ تمام ملازمین کو 30 دن کے اندر پرانے یا نئے پے اسکیل میں سے کسی ایک کا تحریری انتخاب کرنا ہوگااور عدم انتخاب کی صورت میں نیا اسکیل خودکار طور پر نافذ العمل تصور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیپراسمیت اعلی افسران کے تبادلے

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے تمام ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس تحت گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کا الاؤنس 1,785 سے بڑھ کر 2,677 روپے، گریڈ 5 سے 10 کا 1,932 سے بڑھ کر 2,898 روپے، گریڈ 11 سے 15 کا 2,856 سے بڑھ کر 4,284 روپے اور گریڈ 16 سے 20 و اوپر کا الاؤنس 5,000 روپے سے بڑھ کر 7,500 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top