کاشف الدین سید
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے سات اضلاع میں ویلج اور نیبر ہڈ کونسلوں کی حلقہ بندیوں کے عمل کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے تین اہم نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اضلاع خیبر، کرم، مانسہرہ، ملاکنڈ، شانگلہ، اپر چترال اور باجوڑ میں ویلج اور نیبر ہڈ کونسلوں کی نئی حلقہ بندیوں کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق شروع کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے ہر ضلع میں متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ڈیلیمیٹیشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جن میں اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیات اور ریونیو محکمے کے متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ
ابتدائی حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات کی سماعت اور فیصلوں کے لیے ڈیلیمیٹیشن اتھارٹیز بھی مقرر کی گئی ہیں۔ ضلع خیبر کے اعتراضات ریجنل الیکشن کمشنر پشاور، ضلع کرم کے ریجنل الیکشن کمشنر کوہاٹ، ضلع مانسہرہ کے ریجنل الیکشن کمشنر ہزارہ، جبکہ اضلاع ملاکنڈ، شانگلہ، اپر چترال اور باجوڑ کے اعتراضات ریجنل الیکشن کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نمٹائیں گے۔





