سری لنکن حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کر دی ہےجس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔
کراچی میں تعینات سری لنکن قونصل جنرل سنجیوا پٹیوالا نے بتایا کہ فیس کے خاتمے کے بعد سے سری لنکا جانے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ویزے کی درخواستیں آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات انتہائی اہم ہیں اور پاکستان کی جانب سے 100 سری لنکن طلبہ کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اسکالرشپ دینا ایک مثبت قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنہ 2005ء میں طے پانے والے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں موجود ہیں، تاہم دفاعی اور سفارتی سطح پر تعاقات مضبوط ہیں۔
پاکستان کے بڑے شہروں سے کولمبو کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمت عموماً 80 ہزار سے 2 لاکھ روپے کے درمیان ہے جبکہ وہاں بجٹ ہوٹل 5 سے 10 ہزار روپے یومیہ میں دستیاب ہو جاتے ہیں۔ مجموعی طور پر ایک پاکستانی سیاح 5 سے 7 دن کا بجٹ سفر تقریباً 2 سے 4 لاکھ روپے میں مکمل کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری
واضح رہے کہ سری لنکا میں اس سال اب تک 9 لاکھ 90 ہزار سے زائد سیاح ا چکے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث مارچ کے اوائل میں پروازیں منسوخ ہونے سے سیاحت پر اثر پڑا تھا، جس کے بعد سری لنکا نے عالمی رجحان کو اپناتے ہوئے ویزا فری سہولیات کی فراہمی کا یہ قدم اٹھایا ہے۔





