مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی اور جنگی حالات کے باعث سیاحت کے شعبے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے دبئی حکومت نے ایک منفرد اور پرکشش مہم شروع کر دی ہے۔
دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اسکیم ’’دبئی اِنوائٹ‘‘ کے تحت یو اے ای میں مقیم افراد اپنے بیرونِ ملک رہنے والے دوستوں اور اہلِ خانہ کو نامزد کرسکتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اگر کسی شہری کی دعوت پر ان کے دوست یا رشتہ دار سیاحتی ویزے پر دبئی آتے ہیں تو میزبان کو ہوٹل میں قیام، ریستورانوں میں خصوصی رعایت، تفریحی مقامات کے ٹکٹ اور دیگر مراعات پر مشتمل خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔
ایک مقیم شہری زیادہ سے زیادہ تین مہمانوں کے لیے یہ مراعات حاصل کر سکتا ہے بشرطیکہ مہمان درست سیاحتی ویزے پر آئیں اور 31 اکتوبر سے پہلے دبئی پہنچیں۔ ان مراعات کو دسمبر تک استعمال کیا جا سکے گا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسکیم کے آغاز کے ابتدائی 48 گھنٹوں کے اندر ہی 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، اسرائیل اور ایران کی کشیدگی کے اثرات خلیجی خطے تک پھیلنے کی وجہ سے سیاحت شدید متاثر ہوئی ہے۔ سیکیورٹی خدشات اور فضائی حدود کے مسائل کی بنا پر کئی عالمی ایئرلائنز نے اپنے آپریشنز محدود کر دیےجس سے دبئی آنے والے مسافروں کی تعداد میں کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، نئی ٹیرف شیٹس جاری کر دیں
اطلاعات کے مطابق ہوٹلوں میں کمرے خالی رہنے سے متعدد کاروباری اداروں کی آمدنی میں 50 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے باعث برج العرب سمیت بعض مشہور ہوٹلوں نے مرمت و بحالی کے کام شروع کر دیے ہیں جبکہ دیگر ادارے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے خصوصی رعایتیں پیش کر رہے ہیں۔





