جنوبی وزیرستان لوئر، اراضی تنازع پر دو قبیلوں میں تصادم

نورعلی وزیر

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل توئی خلہ میں زمینی تنازعے پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق دینار خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے سلیمان خیل کے سلطان خیل خاندان کے دو فریقین کے مابین عرصہ دراز سے زمینی تنازعہ چلا آ رہا ہے۔

تنازعے کے حل کے لیے ثالثین کی موجودگی میں معیاد (مدت) مقرر کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود دونوں جانب سے جھڑپ پیش آئی، جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے پر اہل علاقہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ تحصیل توئی خلہ میں پٹواری نظام فعال نہ ہونے کے باعث بیشتر اراضی مشترکہ ملکیت یا بغیر باقاعدہ ریکارڈ کے موجود ہے،جسکے باعث زمینی تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں فریقین کے درمیان یہ تنازعہ کئی برسوں سے جاری ہے اور ماضی میں بھی اس حوالے سے متعدد جرگے اور مصالحتی کوششیں کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے باجوڑ میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور ذمہ داران کے تعین کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top