حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں پر اینٹی کرپشن کی اوپن انکوائری شروع

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) پشاور میں سرکاری اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال، مالی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی بھرتیوں سمیت دیگر معاملات پر اینٹی کرپشن نے باقاعدہ اوپن انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں اینٹی کرپشن نے ایچ ایم سی ہسپتال ڈائریکٹر، ڈین اور میڈیکل ڈائریکٹر سمیت 5 اعلیٰ افسران کو پیر کے روز ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی جانب سے 9 مبینہ غیر قانونی تقرریوں اور مختلف عہدوں کی اپ گریڈیشن پر تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فنانس ڈائریکٹر، چیف انٹرنل آڈیٹر اور ڈائریکٹر سپلائی چین کی تقرریوں کو بھی اس تفصیلی انکوائری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے ایچ ایم سی کے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پیر کے روز پیشی کے موقع پر اپنا تحریری بیان اور فراہم کردہ سوالنامہ جمع کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ، ہسپتال ڈائریکٹر کا اینٹی کرپشن کو خط

حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقررہ وقت پر ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے یا عدم تعاون کی صورت میں متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top