عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن، پی ٹی آئی نے 6 وکلا کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان جبکہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن آگیا۔
پی ٹی آئی نے ملاقات کے لیے 6 وکلا رہنماؤں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو ارسال کردی ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ اور راجہ متین سمیت قاضی نور السلام، فتح اللہ برکی اور شعیب الیاس کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وکلا رہنما آج منگل کو اڈیالہ جیل پہنچ کر عمران خان سے ملاقات کریں گے، جبکہ عمران خان کی بہنیں علیمہ خان سمیت دیگر اہل خانہ بھی ملاقات کے لیے جیل آئیں گے۔
دوسری جانب سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی فیملی اور ان کے وکیل رائے سلمان بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں گے۔
ملاقاتوں کے اس سلسلے کے باعث اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔





