ملک کے مختلف حصوں میں متوقع شدید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 4 اگست 2026 تک کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) جبکہ بلوچستان میں تیز رفتاری کے ساتھ انڈیلنے والے پانی کی وجہ سے فلیش فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور طغیانی والے ندی نالوں کے قریب بالکل نہ جائیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لازمی طور پر ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں اور انتظامیہ کی جانب سے وقتًا فواقتًا جاری کی جانے والی موسمیاتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔





