ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 9 اہلکار شہید، 8 دہشت گرد ہلاک

سید فخر کاکاخیل
ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں واقع خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گرد ہلاک اور 6 کو زخمی کر دیا، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آر پی او کوہاٹ عرفان طارق کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جہاں پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی دیار خان جوانمردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، جبکہ مجموعی طور پر 9 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہداء میں ڈی ایس پی دیار خان، اے ایس آئی کفایت اللہ، اے ایس آئی قاصد علی، ہیڈ کانسٹیبل امتیاز، ایل ایچ سی ثناء اللہ، کانسٹیبل مدثر، کانسٹیبل شعبان علی سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔

آر پی او کے مطابق حملے اور آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 28 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 23 اہلکار شامل ہیں، جبکہ خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کے اندر موجود مزید 5 اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ہنگو منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع ہنگو میں ایف سی قلعے پر قبضے کا دعویٰ جھوٹا اور گمراہ کن نکلا

ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایس پی مجاہد حسین، اے ایس آئی احمد رحمان، کانسٹیبل آصف، کانسٹیبل سلیل خان، ایل ایچ سی شکیل اور کانسٹیبل محب اللہ کو مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔

آر پی او عرفان طارق نے بتایا کہ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک اور 6 کو زخمی کیا۔

ان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آر پی او کوہاٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں اپنے پولیس جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے آخری دم تک بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

پولیس کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top