پاکستان کا کویت کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم

پاکستان نے کویت کی جانب سے دوطرفہ دفاعی تعاون کے معاہدے کی حالیہ توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی تعلقات میں ایک انتہائی اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 11 جون 2023 کو دستخط شدہ اس تاریخی معاہدے کی توثیق 1980ء کی دہائی کے اوائل سے قائم پاک کویت دفاعی شراکت داری کو نئی وسعت دینے اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ معاہدہ دفاعی فروغ کے لیے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے جس کے تحت فوجی تربیت و تعلیم، مشترکہ عسکری مشقوں کا انعقاد، اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے سمیت باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس پیش رفت سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

پاکستان اور کویت نے معاہدے کی شقوں پر مکمل عمل درآمد اور باہمی اعتماد پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Scroll to Top