باغبان پورہ میں گھر کی تین چھتیں گر گئیں، دو خواتین جاں بحق، متعدد افراد زخمی

لاہور: شہر کے علاقے باغبانپورہ کی بھٹہ محمد دین کالونی میں ایک گھر کی تین چھتیں اچانک منہدم ہونے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ ہربنس پورہ کی حدود سکھ نہر اسٹاپ کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں پیش آیا، جہاں ٹی آر گارڈر سے بنی تین چھتیں یکے بعد دیگرے گر گئیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع رات 10 بج کر 57 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 سے 10 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم امدادی کارروائیوں کے دوران 9 افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جسے فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں سیلابی ریلے سے کئی گھر تباہ، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، تلاش جاری

سروسز اسپتال کے ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو اسپتال لایا گیا، جہاں ملبے سے نکالی گئی دو خواتین دورانِ علاج دم توڑ گئیں، جبکہ تین زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ تقریباً 20 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم ملبہ ہٹانے اور مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔

حکام کے مطابق ملبہ مکمل طور پر ہٹانے اور علاقے کو محفوظ بنانے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top