باجوڑ میں سیلابی ریلے سے کئی گھر تباہ، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، تلاش جاری

باجوڑ : باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑی میں شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے خوفناک تباہی پھیل گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 7 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، جن کے ملبے تلے 18 سے زائد افراد دبے ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق شدید بارش اور سیلابی ریلوں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے متعدد مکانات بہہ گئے اور کئی خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق خوڑ میں پانی کا بہاؤ انتہائی خطرناک حد تک تیز ہے، جس کے باعث براہِ راست متاثرہ علاقوں تک رسائی ممکن نہیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں خوڑ کے قریب پہنچ چکی ہیں، اور جیسے ہی پانی کا بہاؤ کم ہو گا، ریسکیو آپریشن تیز کر دیا جائے گا۔

ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو اہلکاروں کے شانہ بشانہ متاثرین کو نکالنے اور مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

مقامی افراد نے حکومت، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے، اور خبردار کیا ہے کہ اگر فوری امدادی کارروائیاں شروع نہ ہوئیں تو جانی و مالی نقصانات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top