ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 121 افراد جاں بحق اور 381 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 55 بچے، 41 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں۔
صوبوں کے لحاظ سے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 55 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب میں 45، آزاد کشمیر میں 10، بلوچستان میں 8، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ادھر زخمیوں کی تعداد میں بھی پنجاب سرفہرست رہا، جہاں 279 افراد زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 80، بلوچستان میں 15، آزاد کشمیر میں 5 جبکہ سندھ میں 2 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے روایتی فارمیٹس تبدیل کرنے کی منظوری دے دی
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں نے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی پہنچایا۔ اب تک 901 مکانات متاثر یا تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 459 مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوئے۔ اس کے علاوہ 36 پلوں اور تقریباً 25 کلومیٹر سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





