پاکستان میں نئی MG ZS متعارف، قیمت اور فیچرز سامنے آ گئے

ایم جی پاکستان نے سوشل میڈیا پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والی تشہیری مہم کے بعد دوسری جنریشن کی MG ZS کو باضابطہ طور پر پاکستانی مارکیٹ میں لانچ کر دیا ہے۔

نئی ایس یو وی کو پہلی مرتبہ ہائبرڈ پاور ٹرین کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ اس کا بنیادی ویریئنٹ روایتی 1500 سی سی پیٹرول انجن سے لیس ہے۔

کمپنی نے نئی MG ZS کو تین ویریئنٹس Vibe، Hybrid+ Excite اور Hybrid+ Essence میں پیش کیا ہے۔ ان میں Vibe نان ہائبرڈ ماڈل ہے، جبکہ Excite اور Essence جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔

ایم جی کے مطابق نئی نسل کی ZS کو پہلے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ لمبا اور چوڑا بنایا گیا ہے، جبکہ گاڑی کو مکمل طور پر نئے ایکسٹیریئر اور انٹیریئر ڈیزائن کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

ٹاپ آف دی لائن Hybrid+ Essence ویریئنٹ میں 1500 سی سی ہائبرڈ انجن، 212 ہارس پاور، 465 نیوٹن میٹر ٹارک، 1.83 کلو واٹ آور بیٹری اور 3 اسپیڈ ہائبرڈ ٹرانسمیشن فراہم کی گئی ہے۔

گاڑی میں جدید سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں پینورامک سن روف، 12.3 انچ انفوٹینمنٹ اسکرین، وائرلیس ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو، ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر، چھ ایئر بیگز، 360 ڈگری کیمرہ، ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS)، الیکٹرک ٹیل گیٹ، وینٹی لیٹڈ سیٹس، ہیٹڈ سائیڈ مررز اور انٹیلیجنٹ ہیڈ لائٹ کنٹرول شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

پاکستانی مارکیٹ میں نئی ہائبرڈ MG ZS کا مقابلہ ہونڈا HR-V e، ٹویوٹا کرولا کراس HEV، ہیول جولیون، سوزوکی فرنکس مائلڈ ہائبرڈ اور جیکو J5 سے ہوگا، جبکہ نان ہائبرڈ ویریئنٹ دیگر سب کمپیکٹ ایس یو ویز کے مقابلے میں دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے نئی MG ZS کی ابتدائی ایکس فیکٹری قیمتوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ Vibe کی قیمت 65 لاکھ 99 ہزار روپے، Hybrid+ Excite کی 70 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ Hybrid+ Essence کی قیمت 74 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تینوں ویریئنٹس کی بکنگ 12 لاکھ روپے سے شروع ہوگی۔

ایم جی پاکستان کے مطابق یہ تعارفی قیمتیں محدود مدت کے لیے ہیں اور مستقبل میں ٹیکسوں میں کسی ممکنہ اضافے سے متاثر نہیں ہوں گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی MG ZS کی ڈیلیوری کا آغاز ستمبر 2026 سے کیا جائے گا۔

Scroll to Top