پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، دو اہلکار زخمی، تحقیقات شروع

پشاور: پیرزکوڑی پل کے قریب تھانہ گلبہار کی پولیس موبائل وین کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق دھماکہ خیز مواد روڈ کنارے گرین بیلٹ میں نصب کیا گیا تھا، جسے پولیس موبائل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

سی سی پی او کے مطابق پولیس موبائل معمول کے مطابق اس مقام پر کھڑی ہوتی ہے، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، 6 مزدور زخمی

پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر آئی ای ڈی کے ذریعے پیش آیا، تاہم مزید تحقیقات کے بعد ہی مکمل تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

سیکیورٹی ادارے واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش اور شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top