پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے مطابق نئی نظرثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق 4 اگست 2026 سے کر دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی ایکس ڈپو قیمتیں جاری کر دی ہیں، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں بھی 4 روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

حکومت کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں چہلم امام حسینؓ کے جلوس، سیکیورٹی ہائی الرٹ، خصوصی پلان نافذ

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر فوری حملہ نہ کرنے اور مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کے اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی کی توقعات پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور آبنائے ہرمز سے متعلق کشیدگی میں کمی کے امکانات نے عالمی تیل مارکیٹ میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کو کم کیا، جس کا اثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑا۔

Scroll to Top