پشاور میں چہلم امام حسینؓ کے جلوس، سیکیورٹی ہائی الرٹ، خصوصی پلان نافذ

کاشف عزیز
پشاور: پشاور میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر دو بڑے جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پہلا جلوس ذوالجناح امام بارگاہ آخوند آباد، محلہ نوبجوڑی چرچ روڈ، اندرون کوہاٹی سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

چہلم کا دوسرا مرکزی جلوس مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار سے سہ پہر 4 بجے روانہ ہوگا۔ جلوس بھی مقررہ راستوں سے گزرنے کے بعد متعلقہ امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق مرکزی جلوس میں ہزاروں عزاداروں کی شرکت متوقع ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

پشاور کے اندرون شہر میں سیکیورٹی اقدامات کے تحت موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے اوقات میں متبادل راستے اختیار کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

دوسری جانب ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

Scroll to Top