ڈینگی کیسز میں اضافہ، خیبرپختونخوا میں تعداد 250 تک پہنچ گئی

پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ڈینگی کیسز کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق صوبے میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 35 کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 250 ہوگئی ہے، تاہم اب تک ڈینگی کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں رواں سال اب تک 134 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں صحت نظام ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ، AI اور جدید ٹیکنالوجی متعارف

حکام کے مطابق ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں گھروں، پانی کے کنٹینرز اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اس دوران ایک ہزار 488 مقامات پر پانی میں موجود ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے بعد اسے تلف کر دیا گیا۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، پانی جمع ہونے سے روکیں اور ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کے خاتمے میں تعاون کریں۔

Scroll to Top