چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوپاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور جاری مون سون کے موسم کے لیے کیے گئے باہمی رابطوں و اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو این ای او سی کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہنگامی نظام بشمول “ڈیزاسٹر لینس 2026” کے بارے میں بریفنگ دی، جس کے ذریعے مون سون کی موجودہ صورتحال اور متعدد خطرات کی نگرانی کا عمل واضح کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قومی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی بنیاد پر این ڈی ایم اے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے انسانی زندگیوں اور اہم بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیاری، مختلف اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور فوری ردِعمل پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : نیب کی سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں 2452 ارب روپے کی تاریخی ریکوری
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔





