یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے مقامی افسران نے خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف ہیڈ کوارٹرز اور تھانوں کے دورے کیے۔
دوروں کے دوران شہدائے پولیس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور صوبے میں سیکیورٹی صورتحال و آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
پاک فوج کے مقامی کمانڈرز نے خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی لازوال قربانیوں پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر عزم ظاہر کیا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج، خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مشترکہ اقدامات پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
تقریبات کے دوران سیکیورٹی کمانڈرز نے بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ، مربوط تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : تیراہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے کے بعد بھی کمانڈنگ آفیسر کا عزم و حوصلہ قائم، جوانوں کی قیادت جاری رکھی
یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی رٹ کے مؤثر نفاذ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔





