بنوں: ضلعی پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے میریان میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایک نامعلوم دہشتگرد کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال کی نگرانی میں تھانہ میریان کی حدود میں واقع خنی کلے، بارکزئی اور گردونواح میں کارروائی کی گئی۔
آپریشن میں ایس پی سی ٹی ڈی بنوں فضل واحد خان، ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک نامعلوم دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشتگرد کی لاش قبضے میں لے کر اس کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 3 میگزین اور ایک بندولیر برآمد کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں علاقے میں تلاشی اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان، بھارت مذموم گٹھ جوڑ، پاکستان کیخلاف افغان طالبان کو دی گئی بھارتی ناقص ٹیکنالوجی بھی ناکام
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے کامیاب آپریشن پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شاباش دی۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف نبردآزما فورس کے جوان اصل ہیروز ہیں جو بہادری اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ڈی پی او بنوں نے کہا کہ بنوں کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جا رہا ہے اور دہشتگردی و جرائم کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیں۔





