بلوچستان: سوراب میں دہشتگردوں کی جانب سے خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کرنے کے دوران ہونے والے دھماکے میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 22 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد گاڑی میں بارودی مواد نصب کرکے اسے خودکش حملے کے لیے تیار کر رہے تھے کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد بڑی مقدار میں ذخیرہ کیا گیا بارودی مواد بھی پھٹ گیا، جس سے علاقے میں شدید نقصان ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دہشتگردوں کے زیر استعمال پانچ الگ الگ جھونپڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جبکہ دھماکے کی شدت سے تقریباً 300 سے 400 میٹر دور واقع بعض گھروں کی دیواریں بھی منہدم ہوگئیں۔
دھماکے کے قریب رہائش پذیر شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم شہریوں کے جانی نقصان اور زخمیوں کی حتمی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آپریشن ردالفتنہ 3، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، 19 دہشتگرد جہنم واصل
واقعے کے بعد لیویز اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی شروع کردی جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں اور مبینہ سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔
ابتدائی طور پر دھماکے میں 9 دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی ہے۔





